
ویب ڈیسک
کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے باغ جناح میں تاخیر سے جلسے کی اجازت کے بعد مزار قائد کے گیٹ کے سامنے جلسے کا اعلان کر دیا۔
پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پارٹی نے شام 5 بجے تک اجازت نامے کا انتظار کیا۔ لیکن ہمارے پاس الہ دین کا چراغ نہیں کہ رات میں جلسے کے انتظامات کر سکیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ اب باغ جناح میں جلسہ نہیں ہو گا۔ بلکہ مزار قائد کے گیٹ کے سامنے سڑک پر جلسہ کریں گے۔
حلیم عادل شیخ کے بیان پر وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت کو پہلے ہی واضح طور پر آگاہ کیا گیا تھا کہ باغ جناح میں جلسے کی اجازت ہے۔ اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا خود باغ جناح میں موجود تھے۔ اور جلسے کی اجازت بتا دی تھی۔
انہوں نے کہا کہ سڑک پر جلسے کی بات مناسب طرز عمل نہیں۔ اور حکومت پی ٹی آئی کو باغ جناح میں جلسے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ باغ جناح کا مطالبہ پی ٹی آئی نے خود کیا تھا۔
وزیر بلدیات نے واضح کیا کہ باغ جناح وفاق کے پاس ہے اور اجازت نامے میں صرف رسمی تاخیر ہوئی۔ پی ٹی آئی کو باغ جناح میں ہی جلسہ کرنا ہو گا۔ سڑک پر جلسہ عوام کے لیے تکلیف کا باعث ہو گا۔

















